نائیجیریا کے شمال مغربی علاقے میں سرکاری بورڈنگ اسکول سے اغوا کی گئی 24 طالبات کو رہا کردیا گیا۔
صدر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ نائیجیریا کے شمال مغربی علاقے میں واقع سرکاری بورڈنگ اسکول سے اغوا کی گئی 24 طالبات کو گزشتہ ہفتے بازیاب کرا لیا گیا، جسے صدر بولا ٹینوبو نے خوش آئند قرار دیا ہے۔
صدارتی اعلامیے منگل کو صدر نے طالبات کی حفاظت اور ان کی رہائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز سے تاکید کی کہ باقی مغویوں کو بھی جلد بازیاب کرانے کے لیے فوری اور مؤثر کارروائیاں کی جائیں۔
صدر ٹینوبو نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ تمام 24 طالبات محفوظ واپس آگئی ہیں۔ اب فوری طور پر حساس علاقوں میں اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں تاکہ مزید اغوا کے واقعات کو روکا جا سکے۔‘‘
یہ طالبات 17 نومبر کو مسلح افراد کے ہاتھوں اغواء کی گئی تھیں۔ شمالی نائیجیریا میں اسکولوں اور دیہی بستیوں پر تاوان کے لیے اجتماعی اغوا کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، جہاں مسلح گروہ مقامی سیکیورٹی فورسز کو بآسانی مغلوب کر کے طلبہ اور شہریوں کو ہتھکڑیاں پہنا دیتے ہیں۔
حالیہ دنوں میں اس قسم کے بڑے پیمانے پر اغوا کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جمعے کو شمالی وسطی ریاست نائیجر میں ایک کیتھولک اسکول پر حملے کے دوران 300 سے زائد طلبہ اور عملہ اغواء کر لیے گئے، جن میں سے 50 افراد فرار ہو کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوئے۔
یہ واقعات نائیجیریا میں تعلیم کے شعبے اور بچوں کی حفاظت کے لیے بڑھتے ہوئے خطرات کا واضح ثبوت ہیں اور حکومت پر اس امر کی ذمہ داری ڈال رہے ہیں کہ وہ مؤثر حفاظتی اقدامات کرے۔
