English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے سپلائی چین مفلوج، صنعتیں بندش کے دہانے پر پہنچ گئیں، کراچی چیمبر

القمر

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان حنیف نے خبردار کیا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی جاری ہڑتال نے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو مفلوج کر دیا ہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی شدید اور ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہر گزرتا دن اربوں روپے کے مالی خسارے میں اضافہ کر رہا ہے، جس کے اثرات براہِ راست صنعت، تجارت اور برآمدات پر مرتب ہو رہے ہیں۔ وہ منگل کے روز کراچی چیمبر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کے 25 رکنی وفد کے ساتھ جاری ہڑتال کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

ریحان حنیف نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے باعث ملک بھر میں سپلائی چین بری طرح متاثر ہو چکی ہے اور متعدد صنعتیں بند ہونے کے قریب پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ گزشتہ 10روز سے بندرگاہوں، فیکٹریوں اور مارکیٹس میں خام مال اور تیار شدہ مال کی ترسیل تقریباً معطل ہے، جس کے نتیجے میں پیداواری عمل شدید دباؤ کا شکار ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ صورتحال نہ صرف مقامی صنعت کے لیے خطرناک ہے بلکہ پاکستان کی برآمدی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔

صدر کراچی چیمبر کے مطابق ہڑتال کے باعث برآمدی سرگرمیاں ٹھپ ہو چکی ہیں، جس کا براہِ راست اثر زرمبادلہ کے ذخائر پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ملک پہلے ہی معاشی دباؤ، مہنگائی اور کمزور زرِمبادلہ ذخائر جیسے چیلنجز سے دوچار ہے، طویل ہڑتالیں صورتحال کو مزید بگاڑ رہی ہیں۔ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے اثرات آنے والے مہینوں تک محسوس کیے جائیں گے، جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑ سکتا ہے۔

ریحان حنیف نے حکومت پر زور دیا کہ وہ 8 دسمبر سے شروع ہونے والی اس ہڑتال کا فوری اور سنجیدہ نوٹس لے۔ ان کا کہنا تھا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے مسائل کو نظرانداز کرنا کسی طور دانشمندانہ فیصلہ نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر گڈز ٹرانسپورٹرز سے رابطہ کرے، ان کے تحفظات کو سنے اور جائز مطالبات تسلیم کر کے ہڑتال کے خاتمے کی راہ ہموار کرے۔

اجلاس کے دوران اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ موجودہ خراب معاشی حالات میں پاکستان طویل صنعتی یا ٹرانسپورٹ ہڑتالوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ کراچی چیمبر کے صدر نے واضح کیا کہ اگر صورتحال یونہی برقرار رہی تو نہ صرف چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار بند ہو سکتے ہیں بلکہ بڑے صنعتی یونٹس بھی اپنے آپریشنز محدود کرنے پر مجبور ہو جائیں گے، جس سے بے روزگاری میں اضافے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی مفاد اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ حکومت، متعلقہ ادارے اور گڈز ٹرانسپورٹرز مل بیٹھ کر مسئلے کا قابلِ عمل حل نکالیں۔ ہڑتال کا فوری خاتمہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ سپلائی چین بحال ہو، صنعتیں دوبارہ چل سکیں اور برآمدی سرگرمیاں بحال ہو کر ملکی معیشت کو سہارا دے سکیں۔

ریحان حنیف نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری اقدامات کرے گی تاکہ ملک مزید معاشی نقصان سے بچ سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے