لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز ایک بار پھر اپنے اکلوتے بیٹے جنید صفدر کو دلہا بنانے جا رہی ہیں اور سیاسی و سماجی حلقوں میں اس خبر نے نہ صرف دلچسپی پیدا کی ہے بلکہ لیگی رہنماؤں اور خاندان کے قریبی افراد نے بھی اس تقریب کو اہم قرار دیا ہے۔
فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنید صفدر کی شادی معروف سیاستدان روحیل اصغر کی پوتی شانزے کے ساتھ طے پا گئی ہے اور دونوں خاندانوں نے رسمی ملاقات کے ذریعے اس رشتے کو حتمی شکل دی۔ اس سلسلے میں 19 دسمبر کو ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور مریم نواز نے روحیل اصغر اور اہلخانہ کے ساتھ طویل مشاورت کی، جہاں شادی کے معاملات اور تیاریوں پر اتفاق ہوا۔
ذرائع کے مطابق شادی کی تقریبات 16، 17 اور 18 جنوری کو رکھی گئی ہیں اور اس دوران مہندی اور ولیمہ کی تقاریب جاتی امراء میں ہوں گی، جاتی امراء میں شادی کی تیاریاں پہلے ہی شروع ہو چکی ہیں، جہاں سیکیورٹی انتظامات، مہمانوں کی فہرست، اسٹیج سیٹنگ اور کیٹرنگ کے حوالے سے ابتدائی کام جاری ہے۔
خاندان کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ جنید صفدر اور شانزے کی شادی نہ صرف ایک خاندانی تقریب ہوگی بلکہ سیاسی رہنماؤں کی شرکت کے باعث اسے خصوصی اہمیت حاصل ہوگی، معروف ڈریس ڈیزائنرز کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں اور بارات، ولیمہ اور دیگر تقریبات کے لیے خصوصی ملبوسات کی تیاری کا آرڈر دے دیا گیا ہے، مریم نواز کی جانب سے شادی کی تیاریوں میں ذاتی دلچسپی ظاہر کی جا رہی ہے جبکہ جاتی امراء میں تقریب کے لیے داخلی و خارجی راستوں کی تزئین و آرائش کا بھی آغاز ہو چکا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کہنا ہے کہ تقریب میں اعلیٰ شخصیات، ملکی سیاسی قیادت اور بیرون ممالک سے قریبی دوستوں کی شرکت کے امکانات ہیں۔ شادی کی تاریخ کے اعلان کے بعد سیاسی حلقوں میں بھی تبصرے شروع ہوگئے ہیں اور اس شادی کو مسلم لیگ (ن) کے خاندان میں ایک اور اہم سماجی ایونٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
تقریبات کی تاریخوں کے ساتھ تیاریاں تیزی سے جاری ہیں اور ذرائع کے مطابق اگلے چند روز میں ملبوسات، سینڈوچ اور سجاوٹ سے متعلق مزید فیصلے بھی متوقع ہیں۔ یوں جنوری میں جاتی امراء ایک بار پھر روایتی انداز میں شادی کی تقریبات کا مرکز بننے جا رہا ہے، جہاں خاندان اور لیگی رہنماؤں کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔
