English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایئر انڈیا: انجن میں خرابی، طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

القمر

ایئر انڈیا کا طیارہ اس وقت ایک اور بڑے حادثے سے بچ گیا جب اڑان بھرنے کے بعد اچانک انجن میں خرابی کے باعث طیارے کو واپس ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ میں بھارت کے ہوابازی کے نگران ادارے کے مطابق ایئر انڈیا کے بوئنگ 777 طیارے کو اس وقت واپس لوٹنا پڑا، جب انجن کے تیل کے دباؤ میں کمی کے باعث پائلٹوں نے جہاز کے ایک انجن کو بند کر دیا۔

یہ طیارہ ممبئی جا رہا تھا، تاہم وہ بہ حفاظت دہلی واپس اتر گیا، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے ایک بیان میں کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی۔ بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ جدید طیارے اس طرح ڈیزائن کیے جاتے ہیں کہ ضرورت پڑنے پر وہ ایک ہی انجن پر محفوظ طریقے سے پرواز اور لینڈنگ کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایئر انڈیا اس سال سخت جانچ پڑتال کی زد میں ہے، خصوصاً 12 جون کو بوئنگ ڈریم لائنر کے حادثے کے بعد، جس میں 260 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ڈی جی سی اے نے ایئر لائن میں متعدد حفاظتی کوتاہیوں کی نشان دہی کی ہے۔ ایئر انڈیا 2022 تک حکومتی ملکیت میں تھی۔

ایئر انڈیا کی جانب سے کی گئی ایک اندرونی تحقیق میں یہ انکشاف ہوا کہ اس کے ایک طیارے نے فضائی قابلیت (ایئر ورتھینس) کے اجازت نامے کے بغیر تجارتی پروازیں انجام دیں، جس کی وجہ ’’نظامی ناکامیاں‘‘ قرار دی گئیں۔ ایئر لائن نے تسلیم کیا کہ اسے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کے حوالے سے بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

ڈی جی سی اے کے مطابق پیر کے روز، ٹیک آف کے بعد فلیپس سمیٹتے وقت بوئنگ 777-300ER طیارے کے دائیں جانب کے انجن میں تیل کے دباؤ کی کمی دیکھی گئی۔ کچھ ہی دیر بعد دباؤ صفر ہو گیا، جس پر عملے نے طریقۂ کار کے مطابق انجن بند کر دیا اور طیارہ واپس موڑ دیا۔

ایئر انڈیا کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ’’اس غیر متوقع صورت حال کے باعث مسافروں کو ہونے والی زحمت پر ایئر انڈیا دلی افسوس کا اظہار کرتی ہے۔ طیارے کی ضروری جانچ کی جا رہی ہے۔‘‘ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق یہ طیارہ 15 سال پرانا ہے اور اس نے ویانا، وینکوور اور شکاگو سمیت مختلف مقامات کے لیے پروازیں انجام دی ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • مرزا ندیم بیگ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے