اسلام آباد: وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اگلے چھ ہفتوں میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو تبدیل کرنا وفاقی حکومت کی خواہش نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ وزیراعلیٰ اپنا کام کریں اور صوبے میں انتظامی معاملات بہتر انداز میں چلیں۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آٹھ فروری تک بانی پاکستان تحریک انصاف سے ملاقاتوں پر پابندی برقرار رہے گی۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ قانون اور سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے اس موقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قوانین اور پاکستان کے آئین کے مطابق کسی بھی شخص کو قیدِ تنہائی میں رکھنے کی اجازت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔
بیرسٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ سیاسی اختلافات کو بنیاد بنا کر کسی فرد کے حقوق محدود نہیں کیے جا سکتے اور اس معاملے پر عدالتی و قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔
