راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر ان کی بہنوں نے پھردھرنا دے دیا۔
اطلاعات کے مطابق ملاقات نہ کروائے جانے پر عمران خان کی بہنوں اور ورکرز کی جانب سے علیمہ خان کی قیادت میں اڈیالہ جیل سے پہلے فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کو قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے، نہ ہم آئین توڑ رہے ہیں نہ قانون لیکن یہ پولیس کو کھڑی کرکے سڑک بلاک کردیتے ہیں۔
یہ ہمیں ہر منگل کو روکیں گے کیونکہ یہ عمران خان کا خوف ہے، اسی لیے یہ ہمارے خلاف پولیس کھڑی کرتے ہیں، یہ وجہ بتا دیں کہ ایسا کیوں کیا ہے؟
اس سب کے باوجود عمران خان کی قید تنہائی قبول نہیں ہوگی، وہ پاکستان کا سب سے بڑا لیڈر ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ عمران خان کے پیغام سے خوفزدہ ہیں تب ہی یہ آئین و قانون توڑ رہے ہیں، ہم اڈیالہ آتے ہیں تو ان کا خوف ساری دنیا دیکھتی ہے۔
ہم عمران خان کی قید تنہائی کو قبول نہیں کریں گے، مذاکرات کی باتیں وزیر اعظم بھی کرنا شروع ہو گیا ہے اس کے بندے بھی شروع ہو گئے ہیں، پہلے یہ تو بتائیں کہ عمران خان سے ملاقات کیوں نہیں کروائی جا رہی؟ فیلڈ مارشل اور وزیر اعظم اس کا جواب دیں۔
سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ نے کہا کہ جب بھی عمران خان احتجاج کی بات کرتے ہیں تو یہ بزدل مینڈیٹ چوری کرنے والے فوری مذاکرات کی بات شروع کر دیتے ہیں۔
اب سارا پاکستان سمجھ چکا ہے کہ یہ مذاکرات کی بات کب اور کیوں کرتے ہیں، عمران خان نے سہیل افریدی کو صاف الفاظ میں کہا کہ اب سڑکوں پر فیصلہ ہوگا، اب اگر جو کوئی بھی حکومت سے بات کرے گا وہ پی ٹی آئی کا نہیں ہے۔
گزشتہ منگل کو بھی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر ان کی بہنوں نے اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا دیا تھا جس پر پولیس نے واٹر کینن اور لاٹھی کا استعمال کرکے دھرنے والوں کو منتشر کرکے پی ٹی آئی کے متعدد کارکنان کو گرفتار کرلیا تھا۔
