بنگلورو: بھارتی شہر بنگلورو میں گھریلو تنازع ایک المناک انجام کو پہنچ گیا، جہاں طلاق کا قانونی نوٹس بھیجنے پر شوہر نے بیوی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ افسوسناک واقعے کے بعد ملزم نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق میاں بیوی کے درمیان پہلے ہی علیحدگی ہو چکی تھی۔ مقتولہ بھونیشوری نے شوہر کو طلاق کا نوٹس بھجوایا تھا، جس پر طیش میں آ کر شوہر بالاموروگن نے انہیں فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعے کے فوراً بعد بھونیشوری کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
پولیس کے مطابق 40 سالہ بالاموروگن پیشے کے اعتبار سے سافٹ ویئر انجینئر تھا اور ماضی میں ایک نجی کمپنی سے وابستہ رہا، تاہم گزشتہ چار برس سے بے روزگار تھا۔ دوسری جانب 39 سالہ بھونیشوری یونین بینک آف انڈیا میں اسسٹنٹ منیجر کے عہدے پر فائز تھیں۔ ابتدائی تحقیقات میں بے روزگاری اور خاندانی تنازع کو واقعے کی ممکنہ وجوہات قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقتولہ اور ملزم نے 2011 میں شادی کی تھی اور بعد ازاں ایک نجی سافٹ ویئر کمپنی میں ملازمت کے دوران 2018 میں بنگلورو منتقل ہوئے تھے۔ دونوں کا تعلق بھارتی ریاست تمل ناڈو کے ضلع سیلم سے تھا اور ان کے دو بچے بھی ہیں، جو اس سانحے کے بعد گہرے صدمے سے دوچار ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے، جبکہ ملزم کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ ایک بار پھر گھریلو تشدد اور ازدواجی تنازعات کے سنگین نتائج کی تلخ یاد دہانی بن گیا ہے۔
