English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

برطانیہ میں حملے کے بعد شہزاد اکبر کا مؤقف؛ وائرل تصویر کو جعلی قرار دیدیا

القمر

برطانیہ میں پیش آنے والے واقعے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کے دورِ حکومت میں معاون خصوصی برائے احتساب رہنے والے شہزاد اکبر کا تفصیلی بیان سامنے آ گیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق شہزاد اکبر نے نہ صرف حملے کی تصدیق کی بلکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اپنی مبینہ زخمی حالت میں تصویر کو بھی مکمل طور پر جعلی قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں شہزاد اکبر کو ایک نامعلوم شخص نے حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوئے اور انہیں فوری طبی امداد دی گئی۔ اپنے بیان میں شہزاد اکبر نے بتایا کہ اس واقعے میں ان کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی جبکہ چہرے پر بھی متعدد زخم آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ اچانک اور غیر متوقع تھا، جس کے بعد مقامی پولیس نے معاملے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

شہزاد اکبر نے سوشل میڈیا پر زیر گردش اپنی زخمی حالت کی تصویر کے حوالے سے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصویر حقیقت پر مبنی نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی گئی ہے۔ اصل واقعہ اس تصویر میں دکھائی گئی صورتحال سے مختلف ہے اور بعض عناصر جان بوجھ کر غلط معلومات پھیلا رہے ہیں تاکہ سنسنی اور کنفیوژن پیدا کی جا سکے۔

اپنے بیان میں شہزاد اکبر نے حملہ آور کے بارے میں بھی کچھ تفصیلات فراہم کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور بظاہر کنسٹرکشن ورکر یا کوڑا اٹھانے والا محسوس ہو رہا تھا، جس نے پہلے ان سے نام کی تصدیق کی اور اس کے فوراً بعد اچانک حملہ کر دیا۔ شہزاد اکبر نے اس اقدام کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حملے انہیں خوفزدہ یا اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے پر مجبور نہیں کر سکتے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس حملہ آور اور ممکنہ طور پر اس کے پیچھے موجود عناصر کی تلاش میں مصروف ہے۔ شہزاد اکبر کے مطابق پولیس نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے