English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارت: شک کے باعث شوہر نے بچوں کے سامنے بیوی کو آگ لگا کر قتل کر دیا

القمر

بھارت میں گھریلو تشدد کا ایک لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں بیوی پر بے بنیاد شک نے ایک خاندان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد دکن میں ایک شخص نے انتہائی درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اہلیہ کو بچوں کے سامنے زندہ جلا دیا، جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئی۔

رپورٹس کے مطابق ملزم وینکٹیش نے اپنی بیوی تروینی پر بداعتمادی اور شک کی بنیاد پر یہ ہولناک قدم اٹھایا۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں نے پسند کی شادی کی تھی اور ان کے دو کمسن بچے بھی ہیں، تاہم شادی کے کچھ عرصے بعد شوہر کے شکوک و شبہات نے گھریلو زندگی کو مسلسل جھگڑوں میں بدل دیا تھا۔

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ آئے روز کے تنازعات سے دلبرداشتہ ہو کر تروینی کچھ عرصہ قبل اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھی، جہاں سے وینکٹیش نے منت سماجت کر کے اسے دوبارہ گھر واپس آنے پر آمادہ کیا۔ تاہم واپسی کے بعد بھی حالات بہتر نہ ہو سکے اور چند دنوں بعد دونوں کے درمیان ایک بار پھر تلخ کلامی شدت اختیار کر گئی۔

رپورٹس کے مطابق یہ جھگڑا اس قدر سنگین صورت اختیار کر گیا کہ وینکٹیش نے طیش میں آ کر تروینی پر پیٹرول چھڑکا اور اسے آگ لگا دی۔

اس اندوہناک منظر کے دوران جب جوڑے کی بیٹی نے اپنی ماں کو بچانے کی کوشش کی تو ملزم باپ نے اسے بھی بے رحمی سے آگ کی لپیٹ میں دھکیل دیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی۔

گھر سے اٹھنے والی چیخ و پکار سن کر پڑوسی موقع پر پہنچے اور فوری طور پر ماں اور بیٹی کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم شدید جھلسنے کے باعث تروینی جانبر نہ ہو سکی اور موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ بیٹی کو زخمی حالت میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس سنگین واردات کے بعد ملزم وینکٹیش موقع سے فرار ہو گیا تھا، تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 12 گھنٹے کی تلاش کے بعد اسے گرفتار کر لیا۔ واقعے نے نہ صرف علاقے بلکہ پورے ملک میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے