English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پنجاب: چھ سال میں کم عمر بچوں کے ساتھ 5 ہزار سے زائد جنسی زیادتی کے کیسز رپورٹ

القمر

لاہور: پنجاب میں کم عمر بچوں اور بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات ایک سنگین سماجی بحران کی نشاندہی کر رہے ہیں۔

حالیہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چھ سالوں کے دوران صوبے میں کم عمر بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے 5 ہزار 761 سے زائد کیسز درج کیے گئے، جن میں اجتماعی زیادتی کے 638 واقعات شامل ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 9 ہزار 524 ملزمان میں سے ایک ہزار 73 ملزمان گرفتاری سے بچ گئے، جبکہ اجتماعی زیادتی کے مقدمات میں 1 ہزار 710 ملزمان میں سے 258 گرفتار نہ ہو سکے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مقدمات کی تحقیقات میں ابھی بھی کافی چیلنجز موجود ہیں۔

عدالتی کارروائیوں کے حوالے سے رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کم عمر بچوں اور بچیوں کے کیسز میں 5 ہزار 756 چالان مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ اجتماعی زیادتی کے کیسز میں 518 چالان جمع کر دیے گئے، 334 زیرِ تفتیش ہیں اور ایک کیس ابھی ان ٹریس ہے۔

سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس معاملے پر توجہ مرکوز کر کے تفتیش میں تیزی لا رہے ہیں، تاہم رپورٹ میں موجود اعداد و شمار معاشرتی سطح پر حفاظتی اقدامات میں ناکامی اور بچوں کی حفاظت کے نظام میں بہتری کی اشد ضرورت کی نشاندہی کرتے ہیں۔ معاشرتی تنظیموں اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بچوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات یقینی بنائیں تاکہ ایسے سنگین جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے