نئی دہلی: بھارت میں امریکی قونصل خانوں پر ممکنہ حملوں کے پیش نظر مودی حکومت کی تمام ریاستوں کو ایران حامی مسلم رہنماﺅں پر نظر رکھنے کی ہدایت۔
مرکزی وزارت داخلہ نے ریاستوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایسے اشتعال انگیز بیانات دینے والے ایران نواز بنیاد پرست مبلغین پر نظر رکھیں جو ایران پر اسرائیل ،امریکاکے حملے کے بعد تشدد کا باعث بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 28 فروری کو تمام ریاستوں کو بھیجے گئے ایک خط میں، وزارت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو انتہاپسندوں اور عالمی دہشت گرد گروہوں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے ریاستوں کو اس بات کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا ہے کہ امن و امان کا کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو۔
وزارت نے ریاستوں سے چوکسی بڑھانے کو کہا ہے، کیونکہ عالمی واقعات بیان بازی کے ذریعے گھریلو اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
سرکلر میں ریاستوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں امریکا اور اسرائیل کے قونصل خانوں، سفارت خانوں اور دیگر سفارتی دفاتر اور دونوں ممالک کے دیگر اداروں میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے اور امن و سکون کو برقرار رکھنے کے لیے سیکورٹی بڑھا دیں۔
ایران جنگ اور مشرق وسطیٰ میں اس کے اثرات کے پیش نظر دہلی میں خاص طور پر امریکا، اسرائیل اور ایران سمیت دیگر ممالک کے سفارت خانوں کے ارد گرد کے علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای کی امریکی حملے میں شہادت کے خلاف بھارت بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
