English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تہران میں آیت اللہ خامنہ ای کی نمازِ جنازہ مؤخر، نئی تاریخ کا اعلان جلد متوقع

القمر

تہران:اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای کی آج ادا کی جانے والی نمازِ جنازہ کے اجتماع کو غیر معینہ مدت کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے جبکہ آخری رسومات کے حتمی شیڈول کا اعلان جلد کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق نمازِ جنازہ آج چار مارچ کو تہران میں ادا کی جانی تھی اور اس کے بعد دارالحکومت کے معروف عبادتی مقام امام خمینی مصلیٰ میں تین روزہ الوداعی تقریب کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی تھیں۔ اس تقریب میں ملک بھر سے عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع تھی اور شہریوں کو باضابطہ دعوت بھی دی گئی تھی، اچانک اعلان میں بتایا گیا کہ مقام اور انتظامات سے متعلق بعض امور حتمی نہ ہونے کے باعث تقریب کو فی الحال ملتوی کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق رہبرِ اعلیٰ کی تدفین مشہد میں کیے جانے کا امکان تھا، اب تدفین کی تاریخ اور وقت کے حوالے سے بھی کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، نمازِ جنازہ کے اجتماع کو مؤخر کرنے کا فیصلہ مختلف صوبوں سے آنے والی آرا اور عوامی مطالبات کی روشنی میں کیا گیا، دور دراز علاقوں سے آنے والے متعدد قافلے ابھی تک راستے میں ہیں اور محدود سفری سہولیات کے باعث انہیں تہران پہنچنے میں تاخیر کا سامنا ہے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ رہبرِ اعلیٰ کی نمازِ جنازہ میں زیادہ سے زیادہ شہریوں کی شرکت یقینی بنائی جائے، اسی مقصد کے تحت وقت میں تبدیلی کی گئی ہے تاکہ ملک کے کونے کونے سے آنے والے افراد اس تاریخی موقع پر شریک ہو سکیں۔ سکیورٹی اور انتظامی انتظامات کو بھی ازسرِ نو ترتیب دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی حملے کے بعد ایران بھر میں سوگ کی فضا قائم ہے اور مختلف شہروں میں تعزیتی اجتماعات کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کی جانب سے نئی تاریخ، مقام اور دیگر تفصیلات کا باضابطہ اعلان متوقع ہے، جس کے بعد ملک گیر سطح پر آخری رسومات کا انعقاد کیا جائے گا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے