English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران کے حملوں میں 500 سے زائد امریکی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں، علی لاریجانی کا دعویٰ

القمر

ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے حملوں میں پانچ سو سے زائد امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب گاہ پر جاری بیان میں علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بنیامین نیتن یاہو کی غیر سنجیدہ پالیسیوں کے باعث امریکی عوام کو ایران کے خلاف ایک ناجائز جنگ میں دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب خود جائزہ لیا جائے کہ حالیہ دنوں میں پانچ سو سے زائد امریکی فوجی مارے جا چکے ہیں، تو کیا اب بھی امریکا سب سے پہلے ہے یا اسرائیل۔ علی لاریجانی نے مزید کہا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔

دوسری جانب امریکی حکام نے قانون ساز ادارے کو بند کمرہ بریفنگ میں بتایا ہے کہ ایران کے شاہد ڈرون امریکی فضائی دفاع کے لیے بڑا چیلنج بن گئے ہیں اور ممکن ہے کہ تمام ڈرونز کو روکنا ممکن نہ ہو۔

بریفنگ میں موجود دو ذرائع کے مطابق وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور مسلح افواج کی مشترکہ قیادت کے سربراہ جنرل ڈین کین نے تسلیم کیا کہ یہ ڈرون توقع سے زیادہ بڑا مسئلہ بن رہے ہیں کیونکہ یہ کم بلندی اور کم رفتار سے پرواز کرتے ہیں، جس کے باعث انہیں بیلسٹک میزائلوں کے مقابلے میں روکنا زیادہ مشکل ہے۔

تاہم بعض حکام نے خدشات کو کم کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی اتحادی ممالک بڑی تعداد میں روکنے والے میزائل ذخیرہ کر رہے ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • مقصود بھٹی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے