اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی ہتھیار ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے ہیں اور پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور قومی سلامتی کے حوالے سے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا، پاکستان کے ایٹمی ہتھیار کسی جارحیت کے لیے نہیں بلکہ ملک کے دفاع اور تحفظ کے لیے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون موجود ہے اور اگر ضرورت پڑی تو پاکستان حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا، مقدس مقامات کا تحفظ پوری امت مسلمہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور پاکستان اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
