کراچی: ٹریفک پولیس نے شہر کی کئی اہم سڑکیں ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دی ہیں، تاہم سلطان آباد ٹریفک سیکشن سے مائی کولاچی پھاٹک تک سڑک بدستور بند ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جناح برج سے پی آئی ڈی سی جانے والی سڑک چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھول دی گئی ہے جبکہ مائی کولاچی روڈ پر پھاٹک سے جناح برج کی جانب جانے والا راستہ بھی ہلکی ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح پی آئی ڈی سی سے سلطان آباد تک سڑک چھوٹی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے کھول دی گئی ہے، تاہم سلطان آباد ٹریفک سیکشن سے مائی کولاچی پھاٹک تک کا حصہ تاحال بند رکھا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ایم ٹی خان روڈ ابھی تک ٹریفک کے لیے بند ہے، جہاں رکاوٹیں کھڑی کرکے پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ پی آئی ڈی سی پل پر کنٹینر لگا کر راستہ بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب مائی کولاچی آنے اور جانے والے دونوں راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ ٹریفک کو پی آئی ڈی سی سے کھجور چوک کی طرف موڑا جا رہا ہے جبکہ مائی کولاچی سے آنے والی گاڑیوں کو واپس یوٹرن لینے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ جناح برج سے آنے والی گاڑیوں کو آئی آئی چندریگر روڈ کی جانب بھیجا جا رہا ہے، اور مائی کولاچی روڈ کی بندش کے باعث آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔
