ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کے لیے ابوظبی پولیس نے اہم حفاظتی ہدایات جاری کی ہیں، جن میں شہریوں کو ملبے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے، گرے ہوئے ٹکڑوں کے قریب نہ جانے اور محفوظ فاصلہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ابوظبی پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا کہ کسی بھی مشتبہ ملبے یا ڈرون کے ٹکڑوں (فریگمنٹس) کو ہاتھ نہ لگائیں اور واقعے کی جگہ سے دور رہیں تاکہ ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔ پولیس نے عوام کو ہنگامی صورت حال میں متعلقہ حکام سے 999 پر رابطہ کرنے کی ہدایت بھی دی۔
یہ انتباہی پیغام ابوظبی پولیس نے عربی، انگریزی، ہندی اور چینی زبانوں میں بھی جاری کیا ہے تاکہ مختلف زبانیں بولنے والے شہری اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
پولیس کے مطابق یہ ہدایات عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے اور کسی بھی حادثاتی نقصان سے بچنے کے لیے ضروری ہیں۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر ملبے کی تصاویر شیئر نہ کریں اور صرف مستند ذرائع سے صورتحال کی معلومات حاصل کریں۔
