English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ابوظبی ایئرپورٹ سے محدود کمرشل پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

القمر

ابوظبی:خطے میں کشیدہ حالات اور سکیورٹی خدشات کے باعث معطل کیے گئے فضائی آپریشن کے بعد ابوظبی ایئرپورٹ سے آج سے محدود کمرشل پروازوں کی بحالی کا اعلان کر دیا گیا ہے، سکیورٹی جائزے اور متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد چھ مارچ سے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں ابوظبی کی ایک ایئرلائن چند اہم بین الاقوامی شہروں کے لیے محدود پروازیں چلائے گی۔ اس اقدام کا مقصد اُن مسافروں کو سہولت فراہم کرنا ہے جو گزشتہ دنوں پروازوں کی معطلی کے باعث سفر کے منتظر تھے۔

ایئرلائن حکام کے مطابق پہلے سے بکنگ رکھنے والے مسافروں کو نئی پروازوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا جبکہ حالات بہتر ہونے کی صورت میں مزید مقامات کے لیے پروازیں مرحلہ وار بحال کی جائیں گی، فضائی آپریشن کی مکمل بحالی کا انحصار خطے کی سکیورٹی صورتحال اور فضائی حدود کی دستیابی پر ہوگا۔

حکام نے بتایا کہ اٹھائیس فروری تک جاری کیے گئے ٹکٹ رکھنے والے مسافر بغیر کسی اضافی فیس کے نئی بکنگ کرا سکتے ہیں۔ اسی طرح اکیس مارچ تک کی پروازوں کے ٹکٹ رکھنے والے مسافروں کو ریفنڈ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

ابوظبی ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف اسی صورت میں ایئرپورٹ آئیں جب ان کے پاس تصدیق شدہ ٹکٹ ہو یا ایئرلائن کی جانب سے باقاعدہ اطلاع موصول ہوئی ہو تاکہ ایئرپورٹ پر غیر ضروری رش سے بچا جا سکے۔

حکام کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور جیسے ہی حالات مزید بہتر ہوں گے، فضائی آپریشن کو بتدریج مکمل طور پر بحال کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے