مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے اثرات خلیجِ فارس تک پہنچ گئے ہیں، جہاں ہفتہ کے روز دبئی اور بحرین کے دارالحکومت منامہ میں دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئیں، جس سے علاقے میں ہلچل مچ گئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی میں دو دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جبکہ منامہ میں ایک دھماکے کی شدت محسوس کی گئی، جس کے بعد خطرے کے سائرن بجائے گئے اور شہریوں میں اضطراب پیدا ہو گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں بحرین کی وزارت داخلہ نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی کہ وہ پرسکون رہیں اور ممکنہ خطرے سے بچنے کے لیے قریبی محفوظ مقامات پر منتقل ہوں، صورتحال زیر کنٹرول ہے اور تمام حفاظتی اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
دبئی کے حکام نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکوں کا سبب فضائی دفاعی کارروائی کے دوران گرنے والا ملبہ تھا اور اسے ایک معمولی واقعہ قرار دیا گیا۔
دبئی میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان میں مزید واضح کیا گیا کہ صورتحال کو کامیابی کے ساتھ قابو میں کر لیا گیا ہے اور دھماکوں کے نتیجے میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
بیان میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کی بھی سختی سے تردید کی گئی، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسی قسم کا واقعہ پیش آیا۔
ماہرین کے مطابق یہ دھماکے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی تازہ ترین علامت ہیں، اور اس سے خلیجِ فارس کے اہم اقتصادی مراکز پر بھی غیر یقینی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر حکومتی ادارے چوکس ہیں اور عوام کو ضروری ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔
