بصرہ: عراقی شہرمیں غیر ملکی آئل کمپنیوں کی تنصیبات اور دفاتر پر ڈرونز حملہ کیا گیا جس سے خوفناک آگ لگ گئی ہے۔
عراقی سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ اس مقام پر کیا گیا جہاں غیر ملکی آئل کمپنی کے ملازمین رہائش پذیر ہیں۔ ڈرون حملے کے باعث امریکی کمپنی ہیلیبرٹون اور انجینئرنگ کمپنی کے بی آر کی عمارتوں اور گوداموں میں آگ بھڑک اٹھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں کمپاؤنڈ کے اندر موجود کچھ گودام اور سہولیات متاثر ہوئیں اور آگ لگنے کے باعث علاقے میں دھواں پھیل گیا۔
تاحال بصرہ میں غیر ملکی تیل کمپنیوں کی تنصیبات پر ہونے والے ڈرون حملے کی کسی گروپ یا ملک نے باضابطہ ذمہ داری قبول نہیں کی۔
امریکا اور عراق کی جانب سے بھی تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم ماضی ایسے حملوں میں ایران نواز مسلح گروہ ملوث رہے ہیں۔
