ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ایران جنگ کے اثرات: بنگلادیش میں جامعات  عید تک بند کرنے کا اعلان

ڈھاکا: بنگلادیش کی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور توانائی بحران کے پیش نظر ملک بھر کی تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کو عید تک بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ حکومت نے عید کی تعطیلات وقت سے پہلے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت آج سے ملک بھر کی جامعات بند رہیں گی۔

بنگلادیشی حکام کے مطابق یہ فیصلہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے توانائی بحران کے تناظر میں کیا گیا ہے تاکہ ملک میں بجلی اور ایندھن کی کھپت کو کم کیا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے بجلی کی طلب میں کمی آئے گی جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہوگا جس کے نتیجے میں ایندھن کے استعمال میں بھی کمی متوقع ہے۔

حکومت کے مطابق یونیورسٹی کیمپس، طلبہ کے ہاسٹلز، کلاس رومز، لیبارٹریز اور ایئر کنڈیشننگ کے نظام کے باعث بڑی مقدار میں بجلی استعمال ہوتی ہے، اس لیے قبل از وقت تعطیلات سے قومی بجلی نظام پر بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ بنگلادیش میں رمضان کے دوران سرکاری اور نجی اسکول پہلے ہی بند ہیں جبکہ اب یونیورسٹیوں کو بھی عید تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں