لاہو ر : ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا ہے کہ گزشتہ روز غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ صوابی اور انجینئرنگ یونیورسٹی کیمپس کالا شاہ کاکو لاہور میں متعلقہ جامعات کی مبینہ غفلت کے باعث دو طلبہ کا جاں بحق ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔
صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ ان افسوسناک واقعات پر ہم طلبہ برادری اور غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں بڑھتی ہوئی بدامنی، انتظامی غفلت اور طلبہ کے مسائل سے بے توجہی ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ طلبہ یونین پر پابندی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کئی جامعات میں طلبہ پر تشدد، نفسیاتی و تعلیمی ہراسانی اور استحصال کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں،جس سے طلبہ برادری شدید متاثر ہو رہی ہے۔
ناظم اعلیٰ نے کہا کہ انتظامیہ کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملک کے تعلیمی ادارے مقتل گاہوں اور تشدد خانوں میں تبدیل ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم شعبۂ تعلیم میں انتظامیہ کی مبینہ استحصالی اور تشدد پر مبنی پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور پاکستان کے طلبہ کو یقین دلاتے ہیں کہ اسلامی جمعیت طلبہ ان کی آواز بننے کے لیے ہر سطح پر موجود ہے۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ہم ملک بھر کے طلبہ کو اس استحصال کے خلاف متحرک کرکے سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں گے۔
صاحبزادہ وسیم حیدر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ طلبہ کے نمائندہ پلیٹ فارم طلبہ یونین کو فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ طلبہ کے مسائل کو مؤثر انداز میں حل کیا جا سکے۔
