English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھیک مانگنے کیلیےسعودی عرب جانے والے تقریباً 9 سو پاکستانی کراچی ایئرپورٹ سے آف لوڈ

القمر

کراچی :رمضان المبارک کے دوران بھیک مانگنے کے لیے سعودی عرب جانے والے تقریباً نو سو پاکستانی شہریوں کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانگی کے وقت روکنے کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ کارروائی وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے انسانی اسمگلنگ اور غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری مہم کے تحت کی گئی۔

ایف آئی اے کراچی زون کے ڈائریکٹر منتظر مہدی نے ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے نے رمضان المبارک کے دوران بھیک مانگنے کے مقصد سے بیرون ملک جانے والے افراد کے خلاف خصوصی آپریشن شروع کیا ہے، صرف کراچی ایئرپورٹ پر ہی قریباً نو سو ایسے افراد کو روانگی سے روکا گیا جو سعودی عرب جا کر بھیک مانگنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

منتظر مہدی کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انٹیلی جنس کا مؤثر نظام قائم کیا گیا ہے اور مشکوک مسافروں کی سخت جانچ پڑتال کی جا رہی ہے، اس کارروائی کا مقصد پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کا خاتمہ اور غیرقانونی نیٹ ورکس کی روک تھام ہے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے بتایا کہ یہ کریک ڈاؤن سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کی مسلسل بے دخلی کے ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کیا گیا، سعودی عرب سے ڈی پورٹ کیے جانے والے متعدد پاکستانیوں پر الزام ہوتا ہے کہ وہ عمرہ یا ملازمت کے ویزے پر وہاں جا کر بھیک مانگتے ہیں، جس سے خلیجی ممالک کے سماجی نظام کو نقصان پہنچتا ہے اور پاکستان کی بدنامی کا باعث بنتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مشتبہ گداگروں کی نشاندہی کے لیے سعودی عرب سے ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے ریکارڈ، ٹریول ہسٹری اور دیگر متعلقہ معلومات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ جعلی ویزوں اور ایجنٹس سے بچاؤ کے لیے قائم سہولت ڈیسک سے روزانہ دو سو پچاس سے زائد شہری رہنمائی حاصل کر رہے ہیں۔

منتظر مہدی نے کہا کہ حالیہ کارروائیوں کے دوران بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دینے والے سات گینگز کو بے نقاب کیا گیا ہے۔ اسی طرح غیرقانونی حوالہ اور ہنڈی کے خلاف مختلف کارروائیوں میں کروڑوں روپے کی کرنسی بھی تحویل میں لی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھوکہ دہی کا شکار ہونے والے افراد اکثر مجرمانہ نیٹ ورکس کے ہاتھوں استعمال ہو جاتے ہیں، ایف آئی اے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے کہ کوئی پاکستانی غیرقانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے، سمندری راستوں میں جان خطرے میں ڈالنے یا بھیک مانگنے جیسے جرائم میں ملوث نہ ہو۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے