اسلام آباد :وفاقی کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے اجلاس میں قومی ائیرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، اجلاس نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی صدارت میں ہوا، جس میں وزرائے خزانہ، توانائی، وزیر مملکت خزانہ، مشیر نجکاری اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق نجکاری کے عمل میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی کو اضافی کنسورشیم رکن بنانے کی منظوری دے دی گئی ہے، فوجی فرٹیلائزر کمپنی قومی ائیرلائن ایکویٹی لمیٹڈ کے تینتیس اعشاریہ ننانوے فیصد عام حصص کی سبسکرپشن کرے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ عارف حبیب کارپوریشن کنسورشیم کی لیڈ کمپنی برقرار رہے گی اور کامیاب بولی دہندہ کی قائم کردہ خصوصی کمپنی کے ذریعے پی آئی اے میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔
نجکاری کمیٹی نے فیصلہ وفاقی کابینہ کو حتمی منظوری کے لیے بھیجنے کا بھی اعلان کیا ہے، جس کے بعد نجکاری کے عمل کا اگلا مرحلہ شروع ہوگا۔
