English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا کا پشاور قونصل خانہ مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ

القمر

اسلام آباد: امریکی محکمہ خارجہ نے پشاور میں قائم اپنے قونصل خانے کو مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بارے میں امریکی کانگریس کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور میں قائم امریکی قونصل خانہ افغانستان کی سرحد کے قریب امریکا کا ایک اہم سفارتی مشن سمجھا جاتا تھا۔ یہ قونصل خانہ ماضی میں خطے میں امریکی سرگرمیوں، خصوصاً افغانستان سے متعلق آپریشنز اور لاجسٹکس کے لیے اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے رواں ہفتے اس فیصلے کے بارے میں کانگریس کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا، قونصل خانے کی بندش سے سالانہ تقریباً پچھتر لاکھ ڈالر کی بچت ہوگی اور اس اقدام سے پاکستان میں امریکا کے قومی مفادات کے فروغ پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔

امریکی حکام کے مطابق پشاور قونصل خانہ سن دو ہزار ایک میں افغانستان پر امریکی حملے سے پہلے، اس کے دوران اور بعد میں اہم سفارتی اور انتظامی مرکز کے طور پر استعمال ہوتا رہا، اس مشن کو بند کرنے کے فیصلے پر ایک سال سے زائد عرصے سے غور کیا جا رہا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے وفاقی اداروں کے حجم میں کمی کے منصوبے کا حصہ ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ پشاور قونصل خانے کی بندش کا ایران سے متعلق کسی جنگ یا حالیہ علاقائی کشیدگی سے کوئی تعلق نہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی تنظیم نو کے عمل کے تحت گزشتہ سال ہزاروں سفارتی اہلکاروں کو برطرف کیا گیا تھا جبکہ یو ایس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کے عملے کو بھی تقریباً مکمل طور پر فارغ کر دیا گیا تھا۔ پشاور قونصل خانہ محکمہ خارجہ کی اسی تنظیم نو کے نتیجے میں مکمل طور پر بند ہونے والا پہلا بیرون ملک سفارتی مشن ہوگا۔

اطلاعات کے مطابق پشاور میں امریکی قونصل خانے میں اٹھارہ امریکی سفارتکار اور دیگر سرکاری اہلکار جبکہ نواسی مقامی ملازمین کام کر رہے ہیں۔ قونصل خانے کو بند کرنے کے عمل پر تقریباً تیس لاکھ ڈالر خرچ ہوں گے۔

یہ رقم زیادہ تر عارضی دفاتر کے طور پر استعمال ہونے والے بکتر بند ٹریلرز کی منتقلی پر خرچ کی جائے گی، جبکہ باقی رقم گاڑیوں، الیکٹرانک اور ٹیلی کمیونیکیشن آلات سمیت دیگر دفتری سامان کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے اور کراچی و لاہور کے قونصل خانوں منتقل کرنے پر صرف کی جائے گی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق پشاور قونصل خانے کی بندش کے بعد امریکی شہریوں اور دیگر افراد کے قونصلر معاملات اب اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانہ دیکھے گا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے