English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران کے تیل بردار جہازوں سے متعلق معاملات ایران اور متعلقہ ممالک کا اندرونی معاملہ ہیں، دفتر خارجہ

القمر

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ ایران کے تیل بردار جہازوں سے متعلق معاملات ایران اور متعلقہ حکومتوں کے درمیان ہیں اور اس معاملے پر پاکستان کا کوئی مخصوص مؤقف نہیں ہے جبکہ ایران اور بھارت کے درمیان پیش آنے والے معاملات پر بھی پاکستان براہ راست تبصرہ نہیں کر سکتا۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی قیادت کے ایران سمیت خطے کے اہم ممالک کے ساتھ مسلسل سفارتی رابطے جاری ہیں، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی وزیر خارجہ سے تین مرتبہ گفتگو ہو چکی ہے جبکہ وزیراعظم نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی رابطہ کر کے خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ وزیراعظم جلد سعودی عرب کا دورہ کرنے والے ہیں اور اس دوران خلیجی ممالک کے ساتھ رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی جائے گی، وزیراعظم کی عمان اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی قیادت سے بھی متعدد ٹیلیفونک گفتگو ہو چکی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں پل کا کردار ادا کرتے ہوئے مختلف دارالحکومتوں کے درمیان سفارتی رابطوں کو فروغ دے رہا ہے، پاکستان کا واضح مؤقف ہے کہ تمام علاقائی تنازعات کا حل خودمختاری کے احترام، بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور مذاکرات کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔

آبنائے ہرمز کی صورتحال سے متعلق ایک سوال کے جواب میں طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ ممکنہ رابطوں کے بارے میں حتمی تصدیق نہیں کی جا سکتی، دفاعی اور عسکری حکام اپنے ایرانی ہم منصبوں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

افغانستان سے متعلق سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے رویے میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی ہے، ایک وفد کا حالیہ دورہ افغانستان نجی نوعیت کا ہے جبکہ افغانستان کے حوالے سے ایک مذاکراتی عمل بھی جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جلد چین کے نمائندہ خصوصی کی قیادت میں ایک وفد پاکستان کا دورہ کرے گا جس میں افغانستان سے متعلق امور پر بھی بات چیت متوقع ہے، افغان طالبان کی جانب سے حالیہ عرصے میں پچاس سے زائد مقامات پر جارحیت کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے