واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز ریڈیو کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ روس ایران کی تھوڑی بہت مدد کر رہا ہے، روس اس لیے ایران کی مدد کر سکتا ہے کیونکہ وہ سمجھتا ہے کہ امریکا وہاں یوکرین کی مدد کر رہا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا بھی یوکرین کی مدد کر رہا ہے اور اسی طرح چین بھی اپنے اقدامات کرے گا اور انصاف کی بات یہی ہے کہ وہ کرتے ہیں اور ہم بھی کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سی این این نے دعویٰ کیا تھا کہ روس ایران کو امریکی فوجی، جہاز اور طیاروں کی حرکات اور مواقع سے متعلق انٹیلیجنس فراہم کر رہا ہے، جس کی تصدیق کچھ امریکی انٹیلیجنس ذرائع نے کی تھی۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا تھا کہ ایران کے خلاف جاری جنگ میں روس اور چین حقیقی طور پر اہم عنصر نہیں ہیں۔
ٹرمپ نے ایران کی موجودہ حکومت کے حوالے سے کہا کہ حکومت گر سکتی ہے، لیکن فوراً نہیں اور ایران کے عوام بالاخر موجودہ حکومت کو تبدیل کریں گے، امریکی اور اسرائیلی حملوں کے باوجود ایران میں بڑے پیمانے پر احتجاج یا حکومتی اداروں سے کسی بڑے انخلا کے آثار ابھی تک نظر نہیں آ رہے۔
