اسلام آباد: وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے باعث حج پروازوں کے شیڈول کی معطلی سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
وزارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حج پروازوں میں تاخیر کی اطلاعات درست نہیں اور حج 2026 کے تمام انتظامات طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔
بیان میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسی خبروں پر یقین نہ کریں۔ اس وقت عازمین حج کے ویزوں کے اجرا اور دیگر ضروری انتظامات کا عمل جاری ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین کی روانگی سے متعلق تمام مراحل بروقت مکمل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ حج پروازوں کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان عیدالفطر کے بعد کیا جائے گا۔
