English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

صدر ٹرمپ خلیج میں امریکی نیوی بھیجیں، ابھی 10 سال پہلے تیار کیے گئے میزائل استعمال کررہے ہیں: ایران

القمر

 ایران کی عسکری تنظیم اسلامک پاسدارانِ انقلاب گارڈز (آئی آر جی سی) نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی بحریہ کے خاتمے کا بیان حقیقت کے منافی ہے۔

ایک بیان میں پاسداران انقلاب کے ترجمان علی محمد نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعووں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی بحریہ ختم نہیں ہوئی اور اگر واقعی ایسا ہوتا تو صدر ٹرمپ کو چاہیے کہ وہ خلیج میں امریکی نیوی بھیجیں، صدر ٹرمپ عملی طور پر اس کا ثبوت دینے کی ہمت کریں۔

ترجمان نے کہا کہ ایران اس وقت بھی وہ میزائل استعمال کر رہا ہے جو تقریباً ایک دہائی قبل تیار کیے گئے تھے جبکہ سن 2025 میں تیار کیے گئے جدید میزائل ابھی تک استعمال ہی نہیں کیے گئے، جون 2025 کے بعد تیار ہونے والے جدید ترین میزائل بھی اب تک منظرِ عام پر نہیں لائے گئے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی سطح پر ایران کے ساتھ کشیدگی کے درمیان یورپ اور چین پر زور دیا کہ وہ تیل کی ترسیل کے لیے آبنائے ہرمز کو کھلوانے میں مدد کریں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر نیٹو ممالک تعاون نہ کریں تو اس کا مستقبل بہت غیر یقینی ہوگا۔ انہوں نے خاص طور پر چین کو بھی تنبیہ کی کہ اگر وہ اس معاملے میں مدد نہیں کرتا تو چین کے صدر سے طے شدہ ملاقات میں تاخیر واقع ہو سکتی ہے۔

یہ بیانات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ مشرقِ وسطیٰ میں سیاسی اور فوجی کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے، جبکہ دونوں جانب سے الزامات اور جوابی بیانات جاری ہیں۔ ایران کی پاسداران انقلاب کی جانب سے امریکی دعووں کی تردید اور امریکی صدر کی عالمی شراکت داروں کو تعاون پر مجبور کرنے کی کوششیں خطے میں جاری بحران کے امکان کو مزید بڑھا رہی ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے