اسلام آباد:ملک بھر میں عیدالفطر کے موقع پر وفاقی اور صوبائی سطح پر عام تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے یوم پاکستان کے موقع پر بینکوں کی بندش کا بھی نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے عیدالفطر کے لیے دو روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا ہےجو بیس مارچ اور اکیس مارچ کو ہوں گی۔ اس حوالے سے کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم کی منظوری کے بعد باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔
صوبہ سندھ میں بھی عیدالفطر کے موقع پر دو روزہ عام تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 20اور 21 مارچ کو صوبہ بھر میں سرکاری دفاتر اور ادارے بند رہیں گے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے عیدالفطر کے لیے تین روزہ تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ انتظامیہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صوبے میں انیس مارچ سے اکیس مارچ تک عید کی چھٹیاں ہوں گی، جس دوران تمام سرکاری ادارے بند رہیں گے۔
اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی اعلان کیا ہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر 23 مارچ کو ملک بھر میں تمام بینک بند رہیں گے اور اس دن کوئی مالی لین دین نہیں ہو گا۔
حکام کے مطابق عیدالفطر اور یوم پاکستان کی تعطیلات کے پیش نظر سرکاری و مالیاتی اداروں کے معمولات میں عارضی تعطل آئے گا، جس کے باعث شہریوں کو پیشگی ضروری معاملات نمٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
