تہران میں تعینات پاکستان کے سفیر مدثر علی ٹیپو نے کہا ہے کہ پاکستان کو تجارت اور ٹرانزٹ تجارت کے لیے سہولتیں فراہم کرنے پر ایران کے شکر گزار ہیں۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران نے مشکل حالات کے باوجود پاکستان کے ساتھ تجارت کو جاری رکھنے میں مکمل تعاون کیا اور ٹرانزٹ تجارت کے لیے بھی بھرپور سہولت فراہم کی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان زمینی سرحدیں معمول کے مطابق فعال ہیں اور تجارتی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں۔
سفیر کے مطابق سرحدی گزرگاہوں پر گرین چینلز فعال ہیں، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان اشیاء کی ترسیل تیزی سے ممکن ہو رہی ہے۔
مدثر علی ٹیپو کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتخانہ تجارت کے فروغ کے لیے مسلسل سرگرم ہے اور اس سلسلے میں پاکستان اور ایران کے سرکاری و نجی شعبوں سے وابستہ افراد کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو مزید آسان بنایا جا سکے۔
