English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران معاملے پر نیٹو اتحاد غلطی کررہا ہے، ہمیں کسی کی مدد درکار نہیں، ٹرمپ

القمر

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ کشیدگی کے معاملے پر اپنے اتحادی ممالک کی جانب سے مدد کی درخواستیں مسترد ہونے کے بعد سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو عالمی سطح پر کسی بھی ملک کی مدد کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ ان کا ملک ایک بڑی طاقت ہے اور اسے اپنے دفاع یا دیگر معاملات کے لیے کسی کی معاونت درکار نہیں۔ انہوں نے نیٹو اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ایک احمقانہ غلطی قرار دیا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ نیٹو کو اس نازک وقت میں خطے میں موجود ہونا چاہیے تھا مگر انہوں نے اپنا کردار ادا نہیں کیا۔ انہوں نے فرانسیسی صدر کی جانب سے آبنائے ہرمز میں آپریشن کا حصہ بننے سے انکار پر بھی شدید ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے ان پر تنقید کی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپان، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا کا نام لیتے ہوئے شکوہ کیا کہ یہ ممالک ایران کے خلاف امریکی پالیسیوں پر تو متفق دکھائی دیتے ہیں، لیکن جب عملی مدد کی ضرورت پیش آئی تو انہوں نے امریکا کو تنہا چھوڑ دیا اور تعاون سے انکار کر دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا، جاپان، جنوبی کوریا اور چین سمیت کئی عالمی طاقتیں آبنائے ہرمز میں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے مدد کی اپیل کو یکسر مسترد کر چکی ہیں۔

یہ ممالک ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کسی بھی فوجی مہم جوئی کا حصہ بننے سے گریزاں ہیں۔ اس صورتحال نے امریکا کے روایتی اتحادیوں کے ساتھ تعلقات میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطاق امریکی صدر کا یہ بیان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ عالمی سطح پر ایران سے متعلق معاملات میں امریکا کو تنہائی کا سامنا ہے اور اتحادی ممالک اب واشنگٹن کی ہر کال پر لبیک کہنے کو تیار نہیں ہیں۔

عالمی مبصرین کے مطابق ٹرمپ کا یہ جارحانہ انداز ان کے اندرونی غصے کو ظاہر کرتا ہے جو اتحادیوں کے انکار کے بعد پیدا ہوا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ نیٹو اور دیگر اتحادی ممالک اس تنقید کے بعد اپنے موقف میں تبدیلی لاتے ہیں یا اپنے اصولی فیصلے پر قائم رہتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے