پشاور سمیت صوبے کے بالائی اضلاع میں پچھلے ایک ہفتے سے وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث جاتی سردی واپس آ گئی ہے۔
پشاور شہر اور نواح میں صبح سے بارش جاری ہے، جس سے خنکی میں اضافہ ہوا ہے۔ چترال کے اپر و لوئر علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری جاری ہے اور اپر چترال کے بلند علاقے بھی برفباری کی لپیٹ میں ہیں۔ دیر بالا، کالام، سوات، شانگلہ اور دیگر بالائی اضلاع میں بھی پہاڑوں پر برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود یا ابر آلود رہے گا جبکہ بالائی اضلاع میں سرد موسم کے امکانات ہیں۔ چترال، دیر بالا و زیریں، مالاکنڈ، بونیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، کولائی پالس، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام اور تورغر میں گرچ چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
اسی طرح ہری پور، باجوڑ، مہمند، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، پشاور، خیبر، بنوں، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم اور اورکزئی میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان میں وقفے وقفے سے گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بعض علاقوں میں تیز موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔
گزشتہ روز مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی: پشاور 2 ملی میٹر، چترال 4، تیمر گرہ 5، دیر 8، کالام 13، دروش 3، سیدو 3، ڈیرہ 4، مالام جبہ 6، پارا چنار 34، لنڈی کوتل 10 اور بنوں 4 ملی میٹر۔
بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی وجہ سے درجہ حرارت میں آہستہ آہستہ کمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
