امریکی خبر رساں ادارے بلوم برگ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری تنازعے میں امریکا کو بھاری فضائی نقصان اٹھانا پڑا ہے،اب تک مجموعی طور پر 16 امریکی طیارے تباہ ہو چکے ہیں، جن میں 10 ریپر ڈرون بھی شامل ہیں، جبکہ 6 دیگر جنگی طیارے شدید نقصان کا شکار ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تین امریکی جنگی طیارے کویت کی فضاؤں میں تباہ ہوئے، جن کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر فرینڈلی فائر کے نشانے پر آئے۔ اس کے علاوہ ایک کے سی 135 ری فیولنگ طیارہ دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہوا، جس میں سوار عملے کے تمام 6 افراد ہلاک ہو گئے۔ مزید یہ کہ پانچ کے سی 135 طیاروں کو سعودی عرب کے ایک ہوائی اڈے پر ایرانی میزائل حملے میں نقصان پہنچا۔
ایرانی دعوؤں کے مطابق امریکی ریپر ڈرونز کو بھی نشانہ بنایا گیا، جن میں سے 9 ڈرون تباہ کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا جبکہ ایک ڈرون کو اردن میں بیلسٹک میزائل سے مار گرایا گیا۔ امریکی حکام نے ابھی تک اس حوالے سے باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
