فیصل آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے قوم پر زور دیا ہے کہ ملکی معاشی استحکام اور عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے بچنے کے لیے پیٹرول اور گیس کے استعمال کو آدھا کردیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر پوری قوم کفایت شعاری کو اپنا شعار نہیں بناتی اور توانائی کے وسائل کا بے دریغ استعمال جاری رہتا ہے تو عالمی سطح پر بڑھنے والی قیمتوں کے منفی اثرات براہ راست پاکستانی عوام کی قوت خرید پر مرتب ہوں گے جو معاشی بحران میں اضافے کا سبب بنیں گے۔
افغانستان کے معاملے پر بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی صورت جنگ یا کسی دوسرے ملک کی سرزمین پر قبضے کا خواہش مند نہیں ہے۔ پاکستان کا صرف یہ مطالبہ ہے کہ افغانستان اپنی حدود کو پاکستانی سالمیت کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن غضب اللحق کا مقصد صرف ان ٹھکانوں اور کمین گاہوں کا مکمل خاتمہ ہے جو پاکستان میں بدامنی پھیلاتے ہیں۔ اگر مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیوں کا مشاہدہ ہوا تو سیکیورٹی ادارے ان پر کڑی نظر رکھیں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔
علاقائی سیاست کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران اور سعودی عرب کے درمیان افہام و تفہیم کا خواہاں ہے اور مسلم ممالک کے باہمی تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنا سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے ایران پر جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے مسلم ممالک کے اتحاد پر زور دیا۔
تحریک انصاف کے حوالے سے رانا ثنا اللہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور دیگر رہنماؤں کے خلاف مقدمات عدالتوں نے قانون کے مطابق قائم کیے ہیں اور کسی بے گناہ کو سزا نہیں دی گئی۔ اب ان کے ساتھ کسی قسم کی ڈیل کی کوئی گنجائش باقی نہیں بچی ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے میں تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ عوام احتجاجی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں اور اب ملک کو سیاسی استحکام کی جانب لے جانے کا عمل جاری رہے گا۔
