English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 1.2 ارب ڈالر قسط کیلئے مذاکرات مکمل

القمر

اسلام آباد:پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے درمیان ایکسٹنڈڈ فنڈ فسیلٹی پروگرام کے تحت ایک ارب بیس کروڑ ڈالر کی اگلی قسط کے حصول کے لیے تیسرے اقتصادی جائزے پر مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں جبکہ آئندہ چند روز میں عملے کی سطح پر معاہدے (اسٹاف لیول ایگریمنٹ) کا اعلان متوقع ہے۔

وفاقی وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن نے میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز (ایم ای ایف پی) کا مسودہ حکومت کے ساتھ شیئر کر دیا ہے، جس کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے، مزید مشاورت کے بعد اس مسودے پر اتفاق رائے ہو جائے گا، جس کے بعد وزیر خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر دستاویز پر دستخط کریں گے۔

حکام کے مطابق دستخط کے بعد آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کا شیڈول جاری کیا جائے گا، جہاں تیسرے اقتصادی جائزے کی منظوری کے ساتھ پاکستان کو قرض کی اگلی قسط جاری کرنے کی بھی منظوری دی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے حکومت پر ٹیکس اور نان ٹیکس آمدن بڑھانے پر زور دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی میں فی لیٹر پانچ روپے اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ ترقیاتی بجٹ میں سو ارب روپے کی کٹوتی کے فیصلے پر بھی آئی ایم ایف کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔

مزید برآں آئی ایم ایف نے مختلف سرکاری اداروں کے سربراہان کی تقرری کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ یہ اختیار متعلقہ بورڈز کے پاس ہونا چاہیے۔ توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے پر قابو پانے کے لیے حکومتی منصوبہ بھی آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف علاقائی کشیدگی کے پاکستان کی معیشت پر اثرات، خصوصاً تیل اور کھاد کی قیمتوں میں اضافے کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔ ساتھ ہی رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو ریلیف دینے، پراپرٹی ٹیکس میں ممکنہ کمی اور اوورسیز پاکستانیوں کو مراعات دینے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں، ان اقدامات کی حتمی منظوری آئی ایم ایف سے مشروط ہوگی۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے