اسلام آباد : وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے عمان کے سفیر فہد بن سلیمان بن خلف نے ملاقات کی جس میں خطے میں توانائی کی بدلتی صورتحال اور پاکستان کی تیل کی ضروریات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پاکستان خطے کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر تیل کی درآمد کے لیے متبادل راستوں اور ذرائع تلاش کر رہا ہے، خاص طور پر آبنائے ہرمز سے باہر دیگر راستوں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
علی پرویز ملک نے بتایا کہ مارچ کے دوران سلطنت عمان کی بندرگاہوں سے پیٹرول کے تین جبکہ ڈیزل کا ایک کارگو پاکستان درآمد کیا جا چکا ہے، جبکہ اسی مہینے مزید دو پیٹرولیم کارگو آنے کی توقع ہے۔
اس موقع پر عمانی سفیر نے کہا کہ عمان پاکستان کی انرجی سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے مکمل تعاون کے لیے تیار ہے اور پاکستان کی جانب سے اضافی پیٹرولیم کارگو کی فراہمی کی درخواست پر مثبت انداز میں غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اسٹیٹ آئل اور او کیو ٹریڈنگ کے درمیان پاکستان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اضافی تیل کارگو کی فراہمی کے امکانات پر مذاکرات جاری ہیں۔
