لوئر دیر: جمعیت علما اسلام کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی تین سال میں اپنے قائد عمران خان کو رہا نہیں کروا سکی، اس لیے یہ ذمہ داری اب جے یو آئی کے کارکنوں کو سونپی جائے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا اسعد محمود لوئر دیر میں جے یو آئی کے زیر اہتمام فضلاء کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے موجودہ صوبائی حکومت پر شدید تنقید کی، صوبے میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے اور گورننس ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ، بلین ٹری سونامی اور محکمہ صحت و تعلیم میں بے ضابطگیاں عوام میں عدم اعتماد پیدا کر رہی ہیں۔ صوبے میں تعلیمی سہولیات کا فقدان ہے، لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہیں اور مدارس کو رجسٹریشن کے عمل میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مولانا اسعد محمود نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بدامنی کو بھی تشویشناک قرار دیا اور کہا کہ حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، ترقیاتی کاموں کے بجائے سیاسی نعروں سے عوامی مسائل کا حل ممکن نہیں۔
کانفرنس کے اختتام پر طلبہ میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کی گئیں جبکہ تقریب میں 500 سے زائد علماء کرام کی دستاربندی بھی کی گئی، جس نے تقریب کی اہمیت اور جے یو آئی کے اثر و رسوخ کو اجاگر کیا۔
