اسلام آباد: وفاقی حکومت نے توانائی کے بحران کے پیش نظر کم آمدن والے افراد کو پیٹرول پر سبسڈی دینے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
حکومتی ہدایت پر وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اس مقصد کے لیے ایک موبائل ایپ تیار کر لی ہے جو اس وقت آزمائشی مرحلے میں ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر موٹر سائیکلوں اور رکشوں کو سبسڈی فراہم کی جائے گی، جبکہ دیگر صارفین پر عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کا بوجھ منتقل کیا جائے گا۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو سبسڈی دینے سے متعلق ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ موٹر سائیکلوں کے لیے ماہانہ تقریباً 20 لیٹر پیٹرول کا کوٹہ مقرر کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
مزید برآں، ملک بھر کے تقریباً 12 ہزار پیٹرول پمپس پر سبسڈی کے لیے مخصوص نوزلز مختص کیے جائیں گے، جبکہ ہر پمپ پر دو موبائل فون فراہم کیے جائیں گے جن کے ذریعے ایپ استعمال کرتے ہوئے رعایتی پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔
