راولپنڈی: شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ گلے پڑ گئی، راولپنڈی میں دلہن ہی قانون کی گرفت میں آگئی۔
راولپنڈی پولیس نے تھانہ مندرہ کے علاقے گوہڑہ میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والی دلہن کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق دلہن ثناءشہریار بغیر لائسنس اسلحہ استعمال کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی گئیں جبکہ دلہا موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ گزشتہ رات پیش آیا اور فائرنگ کی ویڈیو بھی پولیس کو موصول ہو گئی ہے، مقدمہ درج کرکے پستول اور گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔
تحقیقات کے مطابق دلہے نے دلہن کو پستول دیا جبکہ فوٹوگرافر کی ہدایت پر دلہن نے فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق دلہن نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم لیڈی کانسٹیبل نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مخبر کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، ملزمہ کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ اہل خانہ کی جانب سے ضمانت کی درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے۔
