نئی دہلی : بھارت میں مسافر بس اور ڈمپر میں خوفناک تصادم کے باعث ابتدائی طور پر 14 افراد کے ہلاکتوں کی اطلاعات تھیں،جس میں مزید 6 افراد کے اضافے کے بعد ہلاکتوں کی موجودہ تعداد20تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ اب بھی19 افراد زخمی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ بھارت کی ریاست آندھرا پردیش میں پیش آیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق 2گاڑیوں کے درمیان شدید تصادم ہوا، جس کے فوراً بعد بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ بس میں سوار کئی مسافر خود کو بچانے میں ناکام رہے اور زندہ جل گئے جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہو گئے۔ریسکیو ٹیمیں اور امدادی کارکن فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔یہ بات بھی علم میں رہے کہ حکام کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
