واشنگٹن: امریکا کی ریاست لوزیانا میں واقع اہم فوجی تنصیب بارکس ڈیل ایئر فورس بیس کے اوپر نامعلوم ڈرونز کی پروازوں کے بعد سیکیورٹی ادارے متحرک ہوگئے ہیں اور واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی فضائیہ کے اس اسٹریٹیجک اڈے، جہاں بی-52 بمبار طیارے تعینات ہیں،انہوں نے تصدیق کی ہے کہ 9 مارچ کے ہفتے کے دوران متعدد غیر مجاز ڈرونز بیس کی فضائی حدود میں داخل ہوئے، ان ڈرونز کی موجودگی نہ صرف سیکیورٹی کے لیے خطرہ ہے بلکہ امریکی وفاقی قانون کے تحت ایک سنگین جرم بھی تصور کی جاتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بارکس ڈیل ایئر فورس بیس کی سیکیورٹی اور وہاں تعینات عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اسی لیے اس واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے، بیس حکام وفاقی اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ان مشکوک سرگرمیوں کی مکمل چھان بین کر رہے ہیں تاکہ ڈرونز کے ماخذ اور مقصد کا تعین کیا جا سکے۔
امریکی حکام کے مطابق فوجی تنصیبات کے اوپر بغیر اجازت ڈرون اڑانا نہ صرف سیکیورٹی خدشات کو جنم دیتا ہے بلکہ حساس معلومات کے افشا ہونے کا بھی خطرہ ہوتا ہے۔ اس حوالے سے ماضی میں بھی ایسے واقعات سامنے آ چکے ہیں جن کے بعد سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کیے گئے تھے۔
