ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مفتی منیب الرحمن کاایران کے حق میں کھڑے ہونے کا اعلان، امت کے اتحاد پر زور

سرگودھا: تنظیم المدارس پاکستان کے صدر مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی حالات میں پاکستان کو ایران کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور کسی بھی قسم کی فرقہ وارانہ تقسیم سے مکمل اجتناب ضروری ہے۔

سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ امت مسلمہ کو اس وقت اتحاد اور یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، بیرونی چیلنجز کے پیش نظر داخلی اختلافات کو ہوا دینا کسی طور مناسب نہیں اور اس سے دشمن قوتوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

مفتی منیب الرحمان نے عالمی امن کے قیام میں اقوام متحدہ کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اپنے بنیادی مقاصد حاصل کرنے میں ناکام دکھائی دیتا ہے، دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔

انہوں نے پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنگ بندی کی کوششوں میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور امید ہے کہ یہ کاوشیں جلد نتائج دیں گی، افغانستان اور پاکستان کے درمیان سیز فائر کو برقرار رکھنا خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ معروف مذہبی اسکالر مفتی تقی عثمانی نے بھی ایران کی حمایت کرتے ہوئے امت مسلمہ سے متحد ہونے کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ موجودہ حالات میں اتحاد ہی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کو ناقدین بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے رہے ہیں جبکہ عالمی سطح پر اس پر ردعمل محدود رہا ہے۔

یاد رہےکہ  عالمی ادارے اس معاملے پر مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ اسی تناظر میں ماضی کے واقعات بھی زیر بحث لائے جا رہے ہیں، جن میں ہیروشیما پر ایٹم بمباری اور ناگاساکی پر ایٹم بمباری شامل ہیں جبکہ اسرائیل کے حوالے سے غزہ اور لبنان میں جاری تنازعات کا بھی ذکر کیا جا رہا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں