English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

صحافی امل خلیل کی نماز جنازہ ادا،لبنانی پرچم میں لپٹےتابوت پرپھول نچاور

القمر

بیروت: لبنان پر اسرائیلی حملے میں شہید خاتون صحافی امل خلیل کی نماز جنازہ اداکردی گئی جس میں صحافی برادری، اعلیٰ حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جنوبی لبنان کے گاؤں الطیری میں صحافی کے لبنانی پرچم میں لپٹے تابوت کو جلوس کی شکل میں لایا گیا تھا جس پر نیلا ہیلمٹ اور پریس کی جیکٹ بھی رکھی تھی۔جلوس کے راستے بھر میں کھڑکیوں اور بالکونیوں سے خواتین نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں جب کہ شرکا نے بازوؤں پر احتجاجاً سیاہ پٹیاں باندھی ہوئی تھیں۔

امل خلیل جو جنوبی لبنان سے تعلق رکھتی تھیں، 2006 سے الاخبار کے لیے رپورٹنگ کر رہی تھیں۔ ان کی حالیہ رپورٹس میں لبنان کے دیہات میں اسرائیلی افواج کی موجودگی اور گھروں کو مسمار کرنے سے منسلک رپورٹنگ شامل تھی۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے امل خلیل کو جان بوجھ کر اس وقت نشانہ بنایا جب وہ جنوبی لبنان میں ایک فضائی حملے کے بعد پناہ تلاش کر رہی تھیں۔جب وہ زخمی حالت میں زمین پر گر گئیں تو اسرائیلی فوج نے دانستہ طور پر ان کی مدد کو پہنچنے والی ایمبولینس کو بھی نشانہ بنایا جس کے باعث طبی امداد میں تاخیر ہوئی تھی۔

کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے اعداد وشمار ظاہر کرتے ہیں کہ حالیہ جنگ کے دوران لبنان میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں کم از کم 8 صحافی جان سے گئے جب کہ درجن سے زائد گرفتار ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • عادل سلطان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے