ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

جماعت اسلامی کا مہنگائی کے خلاف 15 مئی کو اسلام آباد میں بڑے احتجاج کا اعلان

اسلام آباد: جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور ملکی سطح پر جاری مہنگائی کے خلاف 15 مئی کو دارالحکومت میں بھرپور احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عوام اب مزید بوجھ برداشت نہیں کریں گے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی غلط پالیسیوں سے عوام کی مشکلات میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومتی اقدامات جلتی پر تیل کا کام کر رہے ہیں اور عوام کو خود کشیاں کرنے پر مجبور کر دیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پیٹرول کی اصل قیمت 271 روپے بنتی ہے جبکہ بقیہ رقم ٹیکسوں اور لیوی کی مد میں وصول کی جاتی ہے۔ حکومت آئی ایم ایف کے احکامات ماننے کے لیے پیٹرول کو ٹیکس جمع کرنے کا ذریعہ بنا کر عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے۔

انہوں نے حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، دوسری طرف حکومتی عہدیداران پرتعیش گاڑیاں اور مہنگے طیارے خرید رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں غربت کی شرح 41 فیصد تک جا پہنچی ہے اور گورننس کا کہیں نام و نشان نہیں ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بھارت اور بنگلا دیش میں پیٹرول کی قیمتیں مستحکم ہیں، جبکہ پاکستان میں ہر روز قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے، اب مزید خاموش رہنا عوام کے مفاد میں نہیں ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 15 مئی کو اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے دوران آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا جس میں ہڑتال اور پہیہ جام کا آپشن بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کو مؤثر بنانے کے لیے ملک بھر کے موٹر سائیکل سواروں کو بھی ساتھ ملایا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم عوام کے حقوق پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے  اور مہنگائی کے خلاف جاری تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ جماعت اسلامی ملک گیر سطح پر پرامن احتجاج کے ذریعے حکمرانوں کو عوامی مسائل کے حل پر مجبور کر دے گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں