جموں/نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے جموں و کشمیر پولیس اور پنجاب پولیس کے اشتراک سے منشیات اسمگلنگ کے ایک ملزم کو جالندھر سے دوبارہ گرفتار کر لیا ہے، جو جموں میں این سی بی کی حراست سے فرار ہو گیا تھا۔
حکام کے مطابق ملزم جموں سے فرار ہونے کے بعد پٹھانکوٹ کے راستے جالندھر کی جانب روانہ ہوا اور مبینہ طور پر نروال فروٹ منڈی کے قریب جنگلاتی علاقے میں پناہ لی۔ بعد ازاں اس نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے داڑھی منڈوا لی اور کپڑے بھی تبدیل کر لیے۔
حکام نے بتایا کہ جموں و کشمیر اور پنجاب میں تین روز تک جاری رہنے والی تلاش اور ٹریکنگ کارروائی کے بعد این سی بی جموں، این سی بی امرتسر، این سی بی چندی گڑھ اور پنجاب پولیس پر مشتمل مشترکہ ٹیم نے ملزم کو جالندھر میں تلاش کرکے گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت عاقب بشیر کے طور پر ہوئی ہے۔
ایک افسر نے بتایا کہ ملزم مبینہ طور پر دہلی یا کسی دوسری ریاست کی جانب فرار ہونے کی تیاری میں تھا، تاہم اس سے قبل ہی اسے گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کے مطابق ملزم کے فرار ہونے کے حالات کا پتہ لگانے اور مبینہ طور پر اسے پناہ دینے اور نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرنے والے افراد کی شناخت کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔