کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ملک کے تعلیمی نظام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ’چرمراتا ہوا تعلیمی نظام‘ طلبہ کی امیدوں کو کمزور کر کے ان کے مستقبل کو تاریکی میں دھکیل رہا ہے۔ انہوں نے طلبہ، نوجوانوں اور ملک کی ’جین زی‘ سے اپنی مشکلات، خدشات اور تجاویز ان تک پہنچانے کی اپیل کی ہے۔
راہل گاندھی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آج پورا ملک دیکھ رہا ہے کہ ایک ٹوٹا ہوا تعلیمی نظام طلبہ کی امیدوں کی روشنی کو بجھا کر ان کے مستقبل کو تاریکی میں دھکیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’چھاتروں کی گونج‘ مہم کے ذریعے وہ ملک کے مختلف شہروں میں طلبہ سے ملاقات کر کے ان کے مسائل اور چیلنجز کو سمجھ رہے ہیں۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ اسی سلسلے میں وہ 19 ستمبر کو مدھیہ پردیش کے اندور میں طلبہ کے درمیان موجود ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام میں تبدیلی لانے کے لیے ملک کے ہر طالب علم کی آواز، اس کے درد اور اس کی رائے کو سنا جانا ضروری ہے۔
راہل گاندھی نے اپنے ویڈیو پیغام میں ’چھاتروں کی گونج‘ مہم کے مقصد کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد ملک بھر کے طلبہ کو اپنے احساسات، خیالات اور خدشات کھل کر بیان کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق طلبہ جین مسائل کو ملک کے سامنے اٹھانا چاہتے ہیں، انہیں بھی اس مہم کے ذریعے آواز دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں طلبہ سے متعلق ایسے واقعات سامنے آ رہے ہیں جو موجودہ تعلیمی نظام کے بارے میں سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے قبائلی طلبہ کے مسائل، بھوک ہڑتال کرنے والے طلبہ، عمارتیں منہدم ہونے کے واقعات اور دہلی میں طلبہ کی اموات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات ملک بھر میں دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
راہل گاندھی نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ تعلیم کے نظام کے بارے میں اپنی رائے ان تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی شکایت امتحانی نظام، تعلیم کے دباؤ، ہاسٹل، رہائش یا کسی بھی دوسرے مسئلے سے متعلق ہو سکتی ہے۔ انہوں نے طلبہ سے یہ بھی بتانے کو کہا کہ موجودہ تعلیمی نظام میں ایسی کیا چیز ہے جس کی وجہ سے وہ اپنی امید کھو رہے ہیں اور اس امید کو بحال کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ ویڈیو بنا کر یا ای میل کے ذریعے اپنی بات ان تک پہنچائیں اور بتائیں کہ ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام کے ذریعے ملک کے نوجوانوں کے سامنے کون سے مسائل اٹھائے جانے چاہئیں۔
’چھاتروں کی گونج‘ مہم کا آغاز راہل گاندھی نے راجستھان کے کوٹا سے کیا تھا، جہاں 17 جون کو پروگرام منعقد ہوا تھا۔ اس کے بعد اگست میں اتر پردیش کے پریاگ راج میں پروگرام ہوا، جبکہ 22 اگست کو پونے میں طالبات کے ساتھ مکالمہ کیا گیا۔ اب اس مہم کا اگلا پروگرام 19 ستمبر کو اندور میں منعقد ہونا ہے۔