ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سابق رکن پارلیمنٹ امیر عالم اور سابق رکن اسمبلی نوازش عالم سمیت کئی اہم رہنما کانگریس میں شامل

نئی دہلی: اتر پردیش میں سیاسی رہنماؤں کی کانگریس میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کو مغربی اتر پردیش کے سابق رکن پارلیمنٹ امیر عالم خان، ان کے بیٹے اور سابق رکن اسمبلی نوازش عالم خان سمیت مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ متعدد اہم رہنماؤں، سابق عوامی نمائندوں اور سماجی شخصیات نے کانگریس کی رکنیت اختیار کر لی۔

کانگریس میں شامل ہونے والوں میں انڈین میڈیکل کونسل، اتر پردیش کے سابق چیئرمین ڈاکٹر محمد اکرم، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے ایس سی سیل کے ریاستی صدر ڈاکٹر ٹی پی سنگھ سمیت بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)، راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی)، اے آئی ایم آئی ایم اور عام آدمی پارٹی سے وابستہ متعدد رہنما شامل ہیں۔

نئی دہلی میں کانگریس دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران اتر پردیش کانگریس کے انچارج راجندر پال گوتم، ریاستی صدر اجے رائے اور سہارنپور لوک سبھا حلقے سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے پارٹی میں شامل ہونے والے رہنماؤں کا پٹکا پہنا کر استقبال کیا۔

اس موقع پر راجندر پال گوتم نے کہا کہ ملک کی موجودہ سیاسی اور سماجی صورت حال میں جمہوریت اور آئین کا تحفظ سب سے بڑی ترجیح بن گیا ہے۔ ان کے مطابق کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی جس مضبوطی سے جمہوریت اور آئینی اداروں کے تحفظ کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، اس سے متاثر ہو کر مختلف جماعتوں کے سینئر رہنما اور دانشور طبقے کے افراد کانگریس سے وابستہ ہو رہے ہیں۔

کانگریس میں شمولیت کے بعد سابق رکن پارلیمنٹ امیر عالم خان نے کہا کہ موجودہ دور میں ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کے خلاف کانگریس کی اعلیٰ قیادت مضبوطی سے کھڑی ہے۔ انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ 1985 میں پہلی مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ اس کے بعد وہ کئی مرتبہ رکن اسمبلی رہے، اتر پردیش حکومت میں کابینی وزیر کی ذمہ داری سنبھالی، لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے اور راجیہ سبھا کے رکن بھی رہے۔

امیر عالم خان نے کہا کہ وہ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی جدوجہد سے متاثر ہو کر اپنے ساتھیوں کے ساتھ کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔

امیر عالم اور ان کے بیٹے نوازش عالم نے اس سے قبل آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) سے علیحدگی اختیار کی۔ نوازش عالم 2012 میں بوڑھانہ سے سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے، جبکہ 2017 میں انہوں نے میرانپور اسمبلی حلقے سے بی ایس پی کے امیدوار کے طور پر انتخاب لڑا تھا۔ بعد ازاں 2018 میں دونوں راشٹریہ لوک دل سے وابستہ ہوئے اور 2025 میں آزاد سماج پارٹی میں شامل ہو گئے تھے۔

کانگریس میں تازہ شمولیت کو اتر پردیش، خصوصاً مغربی اتر پردیش کی سیاست میں اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کے آئندہ انتخابی کردار یا کسی مخصوص حلقے سے امیدوار بننے کے بارے میں فی الحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں