بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے دو انٹیلی جنس آپریشنز، 9 دہشت گرد ہلاک

علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔آئی ایس پی آر

October 28, 2026 · اہم خبریں, قومی

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے دو انٹیلی جنس آپریشنز، 9 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے دو انٹیلی جنس آپریشنز، 9 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دو الگ الگ آپریشنز کیے، جن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 26 اکتوبر 2026 کو ضلع کچھی میں کیے گئے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع وڈھ میں ایک اور انٹیلی جنس آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر انہیں روک لیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں