کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے آج سردار ولبھ بھائی پٹیل کے151ویں یوم پیدائش اور اندرا گاندھی کی 42ویں برسی کے موقع پر’ایکس‘ پر 1947 کی ایک نایاب تصویر شیئر کی۔ تصویر میں اندرا گاندھی اس وقت کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کا استقبال کرتی نظر آ رہی ہیں۔ جے رام رمیش اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’’2 ہندوستانی شخصیات، دونوں غیر متزلزل عزم اور ناقابلِ تسخیر حوصلے کی مالک تھیں۔ دونوں نے برصغیر کے جغرافیے اور تاریخ کو نئی شکل دی۔‘‘
اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں جے رام رمیش مزید لکھتے ہیں کہ ’’آج ہم ہندوستان کی آزادی کے ایک اہم معمار کا 151واں یومِ پیدائش منا رہے ہیں، جنہوں نے ہندوستان کے اتحاد کو عملی شکل دی۔ کئی دہائیوں بعد آنے والے سفید انقلاب کے لیے بھی وہ تحریک کا باعث بنے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’ آج ہی ہم ایک نہایت بہادر اور دور رس اثرات کی حامل شخصیت کی 42ویں برسی بھی منا رہے ہیں، جنہوں نے آزاد ہندوستان کو جوہری اور خلائی طاقت کے طور پر مضبوط بنایا اور اپنی زندگی میں سبز انقلاب کو فروغ دیا۔‘‘
یہ بھی پڑھیں :
کانگریس لیڈر شیئر کردہ تصویر کے بارے میں لکھتے ہیں کہ ’’ نومبر 1947 کے اوائل میں نئی دہلی میں لی گئی اس تصویر میں 30 سالہ اندرا گاندھی، 72 سالہ نائب وزیر اعظم سردار ولبھ بھائی پٹیل کا استقبال کرتی نظر آ رہی ہیں۔ یہ تصویر وزیر اعظم کی جانب سے انٹرنیشنل لیبر آرگانئزیشن (آئی ایل او) کی ایشیائی علاقائی کانفرنس کے مندوبین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں :
کانگریس راجیہ سبھا رکن جے رام رمیش کا کہنا ہے کہ ’’تاریخ کو مسخ کرنے والے اس گہرے احترام اور عقیدت کو مٹا نہیں سکتے جو اندرا گاندھی سردار پٹیل کے لیے رکھتی تھیں۔ سردار پٹیل کے صد سالہ یومِ پیدائش کے موقع پر اندرا گاندھی نے اپنے دل کی بات کہی تھی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’سردار پٹیل کا مجسمہ کسی زندہ شخصیت کا واحد مجسمہ تھا جس کی نقاب کشائی خود جواہر لعل نہرو نے 13 فروری 1949 کو گودھرا میں کی تھی۔‘‘