’میری مقبولیت بڑھ گئی ہے، سیکورٹی بڑھائی جائے‘، تیج پرتاپ یادو کا حکومت سے مطالبہ

’جن شکتی جنتا دل‘ کے قومی صدر اور لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو نے مرکزی حکومت اور بہار حکومت سے اپنی سیکورٹی بڑھانے کی اپیل کی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر تیج پرتاپ یادو نے لکھا کہ ریئلٹی شو ’رائز اینڈ فال 2‘ میں کام کر کے واپس آنے کے بعد سے میری مقبولیت میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ آج میں جہاں بھی جاتا ہوں، وہاں بڑی تعداد میں لوگ مجھ سے ملنے اور میرے ساتھ تصاویر کھنچوانے کے لیے جمع ہو جاتے ہیں۔ کئی بار بھاری بھیڑ مجھے چاروں طرف سے گھیر لیتی ہے، جس سے نہ صرف میری ذاتی سیکورٹی بلکہ کسی ناخوشگوار واقعے کا خدشہ بھی برقرار رہتا ہے۔

تیج پرتاپ یادو نے کہا کہ یہ انتہائی تشویش کا معاملہ ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مجھے صرف ایک سیکورٹی اہلکار فراہم کیا گیا ہے، لیکن عوامی مقامات پر جس طرح بھاری بھیڑ مجھے چاروں طرف سے گھیر لیتی ہے، اس سے نہ صرف میری سیکورٹی کو خطرہ ہے بلکہ میرے ساتھ تعینات واحد سیکورٹی اہلکار کی حفاظت بھی خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں خدشہ ہے کہ بھیڑ میرے سیکورٹی اہلکار کو بھی گھیر سکتی ہے، اس کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے یا اس کا سرکاری ہتھیار چھیننے جیسا سنگین واقعہ بھی ہو سکتا ہے۔ ایسی صورتحال میں میری اور میرے سیکورٹی اہلکار دونوں کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

تیج پرتاپ یادو نے کہا کہ میں اس سلسلے میں مرکزی حکومت اور بہار حکومت کو کئی بار زبانی طور پر آگاہ کر چکا ہوں۔ اس کے علاوہ خط کے ذریعے بھی اپنی سیکورٹی کے حوالے سے درخواست کر چکا ہوں، لیکن اب تک میری سیکورٹی کے انتظامات میں مناسب اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ تیج پرتاپ یادو نے کہا کہ ’’میں حکومت سے دوبارہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ اگر مستقبل میں میرے ساتھ یا میرے سیکورٹی اہلکار کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو اس کی ذمہ داری کون لے گا؟ کیا حکومت کسی ناخوشگوار واقعے کا انتظار کر رہی ہے؟‘‘

تیج پرتاپ یادو نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی کہا کہ ’’میں مرکزی حکومت اور بہار حکومت سے دوبارہ اپیل کرتا ہوں کہ میری موجودہ مقبولیت، عوامی پروگراموں میں جمع ہونے والی بھاری بھیڑ اور سیکورٹی سے متعلق سنگین صورتحال کو دیکھتے ہوئے اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور مجھے مناسب سیکورٹی فراہم کی جائے، تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو بروقت روکا جا سکے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’میری سیکورٹی یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ میں حکومت سے کسی خصوصی سہولت کا مطالبہ نہیں کر رہا ہوں، بلکہ اپنی اور اپنے سیکورٹی اہلکار کی حفاظت کے لیے ضروری انتظامات کا مطالبہ کر رہا ہوں۔ حکومت کو اس معاملے پر فوری طور پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔‘‘

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں